نئی دہلی،5جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سپریم کورٹ نے گجرات کی سماجی کارکن تیستا سیتلواڑ اور ان کے این جی او کے بینک اکاؤنٹ منجمد کرنے کے معاملے میں فیصلہ محفوظ رکھ لیا ہے۔آج تیستا کی جانب سے سینئر وکیل کپل سبل جبکہ گجرات حکومت کی جانب سے اے ا یس جی تشاد مہتا نے اپنی دلیلیں رکھیں۔کپل سبل کا کہنا تھا کہ گجرات پولیس نے تیستا کے دو ذاتی اکاؤنٹس کے علاوہ سٹیزن فار جسٹس اینڈ پیس تنظیم کا بینک اکاؤنٹ بھی منجمد کر دیا ہے جبکہ الزام سبرنگ ٹرسٹ پر لگے ہیں۔تیستا سیتلواڑ اور جاوید افتخار احمد پر چندے میں دھاندلی کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔یہ چندے 2002کے گجرات فسادات کے دوران احمد آباد کی گلبرگہ سوسائٹی میں ہوئی تباہی کی یاد میں میوزیم بنانے کے لئے جمع کئے گئے تھے۔گجرات ہائی کورٹ نے دونوں کی پیشگی ضمانت مسترد کر دی تھی۔گجرات ہائی کورٹ کے اس فیصلے کے خلاف انہوں نے سپریم کورٹ میں اپیل کی ہے۔